ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کیرالہ طیارہ حادثہ: اب تک 18 افراد کی موت، راحت اور بچاؤ کاری جاری

کیرالہ طیارہ حادثہ: اب تک 18 افراد کی موت، راحت اور بچاؤ کاری جاری

Sat, 08 Aug 2020 10:53:09    S.O. News Service

کوزی کوڈ،8؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) کیرالہ میں ملپورم کے ضلع مجسٹریٹ گوپال کرشنن نے کوزی کوڈ بین الاقوامی ہوائی اڈے کے رن وے پر پیش آئے طیارہ حادثے میں 18 افراد کی موت اور کئی افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے ۔ گوپال کرشنن نے کہا کہ تمام زخمیوں کو ماپورم اور کوزی کوڈ کے مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے اور ان کے بہتر علاج کے لئے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔

دوسری طرف مرکزی وزیر مملکت برائے امور خارجہ وی مرلی دھرن نے ہفتہ کے روز اس حادثہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ کیرالہ کے کوزیکوڈ میں پیش آئے طیارہ حادثے کے شکار لوگوں کو بچانے کے لئے حکومت کی کوششیں جا ری ہیں ۔ مرلی دھرن نے کہا کہ کری پور ایک اونچائی پر واقع ہوائی اڈہ ہے اور اس حادثے سے متعلق حکام کی جانب سے مزید معلومات کا انتظار کیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل سول ایوی ایشن نے پہاڑی کی چوٹی پر ایئر پورٹ واقع ہونے کی وجہ سے اس کو خطرناک ہوائی اڈے کے طور پر نشان زد کیا ہے۔ یہ ہوائی اڈ ہ طیاروں کے آپریشن کے لئے ملک کے 11 جوکھم والے ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے۔ بہر حال، کیرالہ کے ضلع کنور کے رہنے والے مرلی دھرن نے کہا ’’میں ائیر انڈیا کے خصوصی طیارے کے ذریعے کالی کٹ جارہا ہوں۔ کالی کٹ ہوئی اڈے کے جائے حادثہ پر پہنچ کر اس حادثے میں زخمیوں ہونے والوں اور ان کے اہل خانہ سے ملنے کی توقع ہے ‘‘۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں انہوں نے کیرالہ کے چیف سیکریٹری ڈاکٹر وشوا مہتا سے بات کی اور ان سے کہا کہ راحت اور بچاؤ کے کاموں میں مرکزی حکومت ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔

واضح رہے کہ دبئی سے آ یا ایئر انڈیا ایکسپریس کا طیارہ جمعہ کی شام 19:41 بجے ہوئی اڈے کے رن وے 10 سے پھسل کرحادثے کاشکار ہو کر دو ٹکڑوں میں ٹوٹ گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ طیارے میں 174 مسافر ، 10 شیرخوار بچے، دو پائلٹ اور پائلٹ عملے کے دیگر پانچ افراد سوار تھے۔


Share: